گوادر( این این آئی)گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گوادر میں ماہی گیروں کے لیے رہائشی کالونی کی فزیبلٹی اسٹڈی کے لیے 33.8ملین روپے کے بجٹ کی منظور دیدی ۔ گزشتہ سال گوادر کے دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مقامی ماہی گیروں کے لیے رہائشی کالونی کی تعمیر کے لیے 200 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی منظوری دی تھی۔
کالونی کے لیے فزیبلٹی فنڈ زکی منظوری وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت جی ڈی اے گورننگ باڈی کے 26ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کئی دیگر منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعلی بلوچستان نے اجلاس کو بتایا گوادر ہمارا بنیادی ساحلی شہر ہے، اور صوبائی حکومت نے اس کی ترقی کے لیے خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا صوبائی حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے گوادر کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنا رہی ہے۔