لاہور ( این این آئی)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی/میو اسپتال لاہور کے پروفیسر آف میڈیسن اینڈ گیسٹروانٹرالوجی ڈاکٹر اسرارالحق طور نے مشورہ دیا ہے کہ عید الاضحیٰ پر بے احتیاطی اور بسیار خوری آپ کو بیمار کرسکتی ہے، دل، جگر، زیابطیس، کولیسٹرول، بلند فشار خون، گردوں اور یورک ایسڈ کے مریض عید پر بہت کم مقدار میں گوشت کھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عید کے ایام میں گھر میں تیار کھانوں سے لطف اُٹھائیں، گوشت کھائیں لیکن اعتدال کے ساتھ کیوں کہ بسیارخوری اور مرغن اور چٹخارے دار پکوان آپ کی عید کا مزا کرکرا کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ عید کی شام سے پیٹ کے امراض میں مبتلا ایسے مریض شعبہ حادثات میں لائے جاتے ہیں جو بسیار خوری اور بدہضمی کا شکار ہوتے ہیں۔
عید الاضحیٰ پر قربانی کا گوشت اعتدال کے ساتھ کھانا چاہیے، خصوصا شوگر اور دل کے مریضوں کو قربانی کا گوشت کھانے میں احتیاط کرنی چاہیے۔ڈاکٹر اسرار نے کہا کہ ذیابطیس، دل، بلڈ پریشر، یورک ایسڈ اور گردوں کے مریضوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے، ایسے افراد کو گوشت کھانے میں حد سے زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ان ایام میں خاص طور پر اپنا ایک پلیٹر بنا لینا چاہیے جس میں سلاد، دہی، پھل کو بھی قربانی کے گوشت کے ساتھ کھانا چاہیے، قربانی کا گوشت ذائقے کے لیے کھائیں۔
ایسے مریض جن کا یورک ایسڈ بڑھا ہوا ہے وہ ان ایام میں دوا کا استعمال ضرور کریں کیونکہ یورک ایسڈ بڑھنے کی وجہ سے انہیں جوڑوں کے درد کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ہائی بلڈ پریشر کے مریض گائے کا گوشت کھانے سے اجتناب کریں، بازاری مصالحوں سے بنے کھانوں سے بھی اجتناب کریں کیوں کہ اس میں نمک زیادہ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔شوگر اور دل کے مریض گوشت اپنی عمر کے حساب سے کھائیں، اعتدال اور احتیاط کے ساتھ گوشت کھائیں، اگر ممکن ہو تو اپنے معالج کے مشورے سے گوشت کھائیں۔جگر کے مریضوں کو بھی اپنا خیال رکھنے کی ضرورت ہے جن کے پیٹ میں پانی بھرجاتا ہو انہیں تو بہت خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔