اسلام آباد (این این آئی)سابق وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔مفتاح اسماعیل نے سیکرٹری جنرل (ن )لیگ احسن اقبال کے نام خط لکھا اور استعفے سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل نے ن لیگ کی تمام پارٹی کمیٹیوں سے بھی استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔اس حوالے سے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ انتخابی سیاست میں سرگرم نہیں رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف پارٹی بلکہ حکومت میں بھی ذمے داریاں سونپنے پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے میرے ساتھ انتہائی مہربان رویہ اور خیال رکھا، میں ان کی حمایت اور اعتماد کے لیے ہمیشہ ان کا شکر گزار رہوں گا۔انہوںنے کہاکہ سماجی طور پر منصفانہ، معاشی طور پر مستحکم پاکستان دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہوں، میری آپ کے لیے، پارٹی اور تمام لیڈروں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔