لاہور ( این این آئی) قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔ذرائع کے مطابق نیب نے اسٹیٹ بینک سے پرویز الٰہی سمیت 9 اہم شخصیات کا بینک ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 پراپرٹی ٹائیکونز کے بینک ریکارڈ اور ٹرانزیکشنز کے ریکارڈ طلب کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک سے پنجاب میں موجود تمام بینکوں سے غیرملکی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ترسیلات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب نے اسٹیٹ بینک کو تمام ریکارڈ 23 جون تک فراہم کرنے کا کہا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب پرویز الٰہی کے کیس میں آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور مبینہ منی لانڈرنگ کے زاویے سے تحقیقات کر رہا ہے۔