اسلام آباد (این این آئی)آئندہ مالی سال کیلئے وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کیلئے6ارب جبکہ پی ایم یوتھ پروگرام کیلئے 16 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں پی ایم یوتھ سکیم کیلئے7ارب 40کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ کامیاب جوان پروگرام میں 2 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔آئندہ بجٹ میں کامیاب پاکستان پروگرام میں 33کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کامیاب پاکستان پروگرام کیلئے 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ رواں مالی سال کامیاب پاکستان پروگرام کیلئے 1 ارب 13 کروڑ روپے مختص تھے۔ آئندہ بجٹ میں پی ایم یوتھ بزنس لون کیلئے بجٹ میں10 کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال پی ایم یوتھ بزنس لون کیلئے 40 کروڑ روپے مختص کردیے گئے۔ رواں مالی سال میں پی ایم یوتھ بزنس لون کیلئے 50 کروڑ روپے مختص تھے۔ آئندہ بجٹ میں پی ایم رمضان پیکیج کیلئے 19 ارب روپے مختص کر دیے گئے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں احتساب ڈویژن بلوچستان کیلئے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔ بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ بجٹ میں ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال سمیڈا فنڈ 5 ارب روپے سے کم کرکے 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ آئندہ بجٹ میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کیلئے1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویز کے مطابق پہلی بار بجٹ میں آٹزم سوسائٹی آف پاکستان کیلئے 5 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
