اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے رکن ایوان صدر ڈاکٹر ڈینس بیسرویک سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے انہیں اور بوسنیا اور ہرزیگووینا کے عوام کو دلی عید کی مبارکباد دی اور ان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔جاری اعلامیہ کے مطابق بوسنیا کے رہنما نے بھی عید کی مبارکباد دی اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔ اپنی گفتگو کے دوران، وزیراعظم پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بوسنیا اور ہرزیگوینا کے ساتھ اپنے گہرے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تجارت، ثقافت اور عوام کے درمیان تبادلے کے ذریعے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران پاکستان کی حمایت پر بوسنیا کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر بیسرویک کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ڈاکٹر ڈینس بیسرویک نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کو بھی بوسنیا اور ہرزیگووینا کے دورے کی دعوت دی۔
