ویلنگٹن( این این آئی) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے 26-2025کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا جس میں 4نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا جبکہ کیویز کی تاریخ میں پہلی بار پاکستانی نژاد کرکٹر محمد عباس بھی شامل ہیں۔آئی سی سی کے مطابق نیوزی لینڈ نے نئی کنٹریکٹ لسٹ میں مچ ہے، محمد عباس، زیک فولکس اور آدھی اشوک کو پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔یہ چاروں کھلاڑی گزشتہ 12مہینوں میں بلیک کیپس کے لیے شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد ٹیم میں آئے ہیں اور امکان ہے کہ وہ جولائی میں زمبابوے کے دورے اور آنے والے ہوم سیزن میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی شامل ہوں گے۔وکٹ کیپر بلے باز مچ ہے نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں صرف 78گیندوں پر ناقابل شکست 99رنز کی اننگز کھیل کر شہرت حاصل کی تھی۔آل رائونڈر محمد عباس نے مارچ میں پاکستان ہی کے خلاف ون ڈے ڈیبیو پر 26گیندوں پر 52رنز بناکر ون ڈے ڈیبیو میں تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جبکہ انہوں نے محمد رضوان کو آئوٹ کرکے اپنی پہلے ون ڈے وکٹ بھی حاصل کی تھی۔فاسٹ بائولر زیک فولکس نے بھی گزشتہ کیلنڈر سال میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ڈیبیو کیا جب کہ لیگ اسپنر آدھی اشوک نے 2025ء کے آغاز میں ون ڈے اسکواڈ میں واپسی کی اور اب وہ بھی سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ میں شامل ہیں۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو اسکاٹ ویننک کا کہنا ہے کہ یہ انتخاب مستقبل پر نظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں، اور یہ ہمارے کامیاب پلئیرز ڈویلپمنٹ سسٹم کی عکاسی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مچ ہے، محمد عباس، زیک فولکس اور آدھی اشوک کے ساتھ کنٹریکٹ ان شاندار ٹیلنٹس کی عکاسی کرتا ہے جو ہمارے سسٹم سے سامنے آ رہے ہیں جب کہ ان کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ اعلی سطح پر مقابلہ کر سکتے ہیں۔یہ چاروں نئے کھلاڑی ٹم سائوتھی (ریٹائرڈ)، ایش سودھی، اعجاز پٹیل اور جوش کلارکسن کی جگہ آئے ہیں، جنہیں اس سال کنٹریکٹ کی پیشکش نہیں کی گئی۔علاوہ ازیں، کین ولیمسن، ڈیون کونوے، فن ایلن، ٹم سیفرٹ اور لاکی فرگوسن کے ساتھ کنٹریکٹ سے متعلق مذاکرات جاری ہیں۔نیوزی لینڈ سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ میں محمد عباس، آدھتیا اشوک، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، جیکب ڈفی، زیک فولکس، مچ ہے، میٹ ہنری، کائل جیمیسن، ٹام لیتھم، ڈیرل مچل، ہنری نکولس، ولیم او رورک، گلین فلپس، راچن رویندرا، مچل سینٹنر، بین سیئرز، نیتھن اسمتھ، ول یانگ شامل ہیں۔
