لاہور(این این آئی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ بھارت کے حملے کے وقت ہم نے 50ہزار کے قریب سول ڈیفنس کو تیار کر دیا تھا، ہمارا سول ڈیفنس پاک فوج کے ساتھ ہے، پاکستان میں پانی کی سطح دن بدن کم ہو رہی ہے،حکومتی سطح پر پانی کی کمی پر کام ہو رہا ہے، بھارت جو چاہتا ہے وہ نہیں کر پائے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھارت نے پہلا حملہ 6اور 7کی درمیانی رات کو کیا،ہم نے 10مئی کو جواب دیا، بھارت اس دوران ڈرون مار رہا تھا،ہم نے 4گھنٹے کا ری ایکشن دیا اور بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جبکہ بھارت نے ہماری شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔انہوںنے کہاکہ مودی پاگل ہو چکا ہے، مودی کی اپنی پارٹی کے لوگ سوال اٹھا رہے ہیں، مودی اپنی قوم کو پاگل بنانا چاہ رہا ہے،آپریشن سندور پیک کر کے بھارت بھجوایا جا چکا ہے، مودی الیکشن کیلئے اپنا بیانیہ بنا رہا ہے،پاکستان کا جواب کامیاب کہانی کے طور پر دنیا میں پیش کیا جا رہا ہے، پاک فوج نے 4گھنٹے میں جواب دیا اور اگلے400سال کی بھی تیاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا سول ڈیفنس بھی متحرک ہے، بھارت کے حملے کے وقت ہم نے 50ہزار کے قریب سول ڈیفنس کو تیار کر دیا تھا، ہمارا سول ڈیفنس پاک فوج کے ساتھ ہے، پانی روکنا پاکستان پرحملہ تصور ہو گا،جواب دیا جائے گا، بھارت پانی بند کر کے کہاں لے کر جائے گا کیا ان کے پاس نئے ڈیمز ہیں؟ کسی کو حماقت کا شوق ہے تو یہ کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔عظمیٰ بخاری نے کہاکہ پاکستان میں پانی کی سطح دن بدن کم ہو رہی ہے، حکومتی سطح پر پانی کی کمی پر کام ہو رہا ہے، بھارت جو چاہتا ہے وہ نہیں کر پائے گا،سفارتی سطح پر بینقاب کیا جائے گا، بھارت کو پاکستان کا پانی نہیں روکنے دیا جائیگا۔
