لاہور(این این آئی)پاکستان نے بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی20میچ میں 7وکٹوں سے شکست دیکر بنگلہ دیش کو 3-0سیوائٹ واش کر دیا۔ محمد حارث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے انہوں نے 46گیندوں پر 7چھکوں اور 8چوکوں کی مدد سے 107رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے مابین تیسرا ٹی20میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اووروں میں6وکٹوں کے نقصان پر 196رنز بنائے ۔ اوپنرز پرویز حسین ایمون اور تنزید حسن شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 110رنز بنائے ۔پرویز حسین ایمون 66، تنزید حسن 42رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ دیگر کھلاڑیوں میں توحید ہردوئی 25، کپتان لٹن داس 22، شمیم حسین 8اور مہدی حسن میراز ایک سکور بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیکر علی 15اور تنظیم حسن ثاقب 8رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔پاکستان کی جانب سے حسن علی اور عباس آفریدی نے 2،2، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 197رنز کے ہدف کے حصول کیلئے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مطلوبہ ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر 17.2اووروں میں حاصل کر لیاپاکستان کی پہلی وکٹ 8رنز پر گری جب پہلے اوور کی آخری گیند پر صاحبزاہ فرحان ایک سکور بناکر مہدی حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ،دوسری وکٹ 100رنز پر گری جب صائم ایوب 45رنز بناکر تنظیم حسن ثاقب کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ،تیسری وکٹ 137رنز پر گری جب حسن نواز 26رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ محمد حارث کی شاندار بیٹنگ 46گیندوں پر 107رنزبنا کرناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان سلمان آغا 12گیندوں پر 15رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن نے 2اور تنظیم حسن ثاقب نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
