اسلام آباد(این این آئی) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کے دوران 4خوارج جہنم واصل کرنے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے جاری بیان میں صدرآصف علی زرداری نے پولیس کی کارروائی کے دوران فتن الخوارج کے 4دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر پولیس افسران و اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے فتن الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔صدرنے کہاکہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کامیاب کارروائیاں کرنا خوش آئند ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف میں پولیس کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر افسران و اہلکاروں کی پزیرائی کی ۔وزیر اعظم نے کہاکہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پولیس افسران و جوانوں نے بروقت فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی سے انکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادروں کے افسران و اہلکاروں نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔
