اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کو یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کیلئے غیر متزلزل حمایت سے منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال آذربائیجان میں اس تاریخی دن کو صدرالہام علییوف اور اپنے آذربائیجانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ منانے کے پر انتہائی مسرت ہے۔وزیر اعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ صدر الہام علییوف کی دانشمندانہ اور مدبرانہ قیادت میں ہماری کثیر جہتی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہوتی رہے گی۔
