لاہور (این این آئی)پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بدھ کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔سیریز کے بقیہ دونوں میچز بھی قذافی اسٹیڈیم میں 30 مئی اور یکم جون کو کھیلے جائیں گے،تینوں میچز رات آٹھ بجے شروع ہونگے۔پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے جبکہ بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان لٹن داس ہیں۔بنگلہ دیش ٹیم نے 2020 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے تین پاکستان نے جیتے تھے ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔کپتان سلمان علی آغا کے مطابق ہم نے ایک اچھا پریکٹس سیشن کیا ہے اور کھلاڑی ایک یونٹ کے طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہمارے بہت سے کھلاڑیوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائی ہیجو دنیا کے سب سے زیادہ مسابقتی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس میں سے ایک ہے۔ اس فارم اور مومینٹم کو ہم اس سیریز میں لے جانے کی امید کر رہے ہیں۔بنگلہ دیش باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ ایک معیاری ٹیم ہے اور ہم ان سے اچھے چیلنج کی توقع کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ شائقین کو اگلے چند دنوں میں سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔میں شائقین سے کہنا چاہوں گا کہ وہ بڑی تعداد میں آئیں اور نہ صرف ہماری بلکہ کھیل کے جذبے کی حمایت کریں۔بنگلہ دیش کپتان لٹن داس کا کہنا ہے کہ لاہور پہنچنے کے بعد سے ہمارا ٹریننگ سیشن اچھا رہا ہے اور لڑکے بہت تیز نظر آ رہے ہیں۔ ہر کوئی فوکسڈ ہے اور پاکستان کے چیلنج کو سمجھتا ہیخاص طور پر ان کی ہوم کنڈیشنز میں۔یہ سیریز ہمارے کچھ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین موقع ہے۔ ہم آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو ذہن میں رکھ کر اپنا کامبی نیشن تیار کررہے ہیں اس لیے یہ دورہ بہت اہم ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لیے پانچ رکنی کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے جس میں سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل اور رمیز راجہ، ٹیسٹ کرکٹر بازید خان، بنگلہ دیش کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر اطہر علی خان اور مائیک ہیز مین شامل ہیں۔ زینب عباس سیریز کی پریزینٹر کے فرائض انجام دیں گی۔سیریز کے میچز پاکستان میں اے اسپورٹس اور ٹین اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے جبکہ میچز پاکستان میں تماشا اور ٹیپمیڈ پر بھی براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ 24 مکمل ہائی ڈیفینیشن کیمرے پی سی بی کے براڈکاسٹ پارٹنرز کے ذریعے پوری دنیا میں لائیو ایکشن پیش کریں گے۔ بین الاقوامی ناظرین کے لیے کرک بز (مشرق وسطی اور شمالی افریقہ ) ٹی اسپورٹس (بنگلہ دیش) ٹیپمیڈ ( بنگلہ دیش) اے آر وائی ( برطانیہ ) ڈائیلاگ (سری لنکا) سپر اسپورٹس (افریقہ) اور ولو ٹی وی (شمالی امریکہ) بین الاقوامی سطح پر میچز نشر کریں گے.
