اسلام آباد(این این آئی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ 10 کا فائنل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے فائنل میچ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کو سراہا۔وزیر اعظم نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا، پی ایس ایل 10 میں شامل تمام ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی سی بی کی انتظامیہ کو بھی مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے تمام کھلاڑیوں بالخصوص غیر ملکی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کی شرکت سے اس کامیاب ایونٹ کا انعقاد ہوا۔
