تہران(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پیچیدہ جغرافیائی سیاسی صورتحال میں ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئے پرعزم ہے،ایران امریکہ جوہری معاہدے سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ مل سکتا ہے۔پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای سے خیر سگالی ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے سپریم لیڈر کیلئے اپنے گہرے احترام کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ ان کی عظمت مسلم دنیا کی ایک نمایاں شخصیت طور پر ہے اور امت مسلمہ رہنمائی اور سرپرستی کیلئے ان کی طرف دیکھتی ہے۔ وزیر اعظم نے ان کو بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعات اور بھارت کے تسلط پسندانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے بارے میں بتایا اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کی ہمیشہ خواہش ہے کہ خطے میں امن قائم ہو جس سے اقتصادی ترقی اور خوشحالی آئے۔ وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو پاکستان ایران تعلقات کو اعلیٰ ترین سطح پر لانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان کی حکومت پیچیدہ جغرافیائی سیاسی صورتحال کے دوران ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نے امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات کو آگے بڑھانے میں ایرانی قیادت کی دور اندیشی کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری معاہدہ طے پا جائے گا۔ اس سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ مل سکتا ہے۔سپریم لیڈر نے دور اندیشی کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ان کے ذاتی عزم کی تعریف کی۔ سپریم لیڈر نے پاکستان اور اس کے عوام کی مزید خوشحالی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ وزیر اعظم نے شاعر مشرق علامہ اقبال کی شاعری کیلئے سپریم لیڈر کی لگن کو دل کی گہرائیوں سے سراہااور دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
