لاہور( این این آئی)اداکارہ و مس پاکستان اریج چوہدری کی بھارتی پنجابی فلم ’’جنا تیری مرضی ‘‘اگلے برس تک نمائش کے لیے سینما گھروں میں پیش کی جائے گی ۔پنجابی فلم جنا تیری مرضی کی پروڈکشن ٹیم کیری آن جٹا اور چل میرا پتر کی ہی ہے۔
اس فلم کی کاسٹ پاکستانی اداکار جبکہ کرئیو بھارتی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں اریج چوہدری ، ہمایوں اشرف ، جاوید شیخ ،ناصر چنیوٹی اور دیگر شامل ہیں۔ اریج چوہدری نے بتایا کہ اس فلم کی پروڈکشن ٹیم نے ان کی پاکستانی فلم ڈھائی چال کا ٹریلر دیکھ کر رابطہ کیا۔ فلم کے لیے ان کا باقاعدہ آڈیشن ہوا جبکہ اس فلم کی عکس بندی برطانیہ میں ہوئی۔ اریج چوہدری نے کہا کہ بھارتی پرڈوکشن ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا اورسیکھنے والا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سیٹ پر ہم لوگ نماز بھی پڑھتے تھے جبکہ بھارتی کرئیو اپنی پوجا باٹ کرتا،ان کا کھانا ہمارے کھانے سے کچھ مختلف تھا۔اریج چوہدری نے اپنی آنے والی فلم ڈھائی چال کا بھی ذکر کیا۔ اس فلم کی کہانی بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق ہے ،بھارتی جاسوس پر بنائی جانے والی فلم کا ٹریلر دیکھ کر فلم جنا تیری مرضی کی ٹیم نے ان سے رابطہ کیا۔ ڈھائی چال میں انوسٹیگیشن آفیسر کا کردار ادا کیا ہے۔