اسلام آباد(این این آئی)ایم این اے شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کو اندازہ ہو گیا ان کی قیادت کے تلوں میں تیل نہیں۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی میں مایوسی قیادت نے خود پھیلائی ہے،مزاحمتی طاقت کوخود ہی پی ٹی آئی نے پارہ پارہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں نے مجھے عمران خان سے ملاقات کرنے کا کہا ہے،پہلے مانا جائے کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی پھرملاقات کیلئے جاؤں گا۔ایم این اے نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی خلاصی صرف احتجاج کے ذریعے ہو سکتی ہے، موجودہ قیادت احتجاج سے کتراتی ہے، پی ٹی آئی کوغلط اوربدنیتی پرمبنی فیصلوں سے پاک کرنا ہوگا،عمران خان کوجیل میں رکھنے سے استحکام نہیں آئیگا۔شیرافضل مروت نے کہا کہ نہیں سمجھتا کہ حکومت کی سیاسی گرفت مضبوط ہوئی ہے، پی ٹی آئی کا ہرفیصلہ ہی ناقص رہا، مجھے پہلے پارٹی سے نکالا اور پھر گالیاں بھی دیں، بانی کواندازہ ہو گیا ہے کہ ان کی قیادت کے تلوں میں تیل نہیں، سلمان اکرم راجہ نے علیمہ خان کیلئے سیاسی بات کرنے کی راہ ہموارکی۔
