اسلام آباد(این این آئی)آئی ایم ایف کے وفد نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی ایجنڈے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ اور دیگر حکام شریک ہوئے، اس موقع پر ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحق ڈار نے توسیع فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت قرض پروگرام کے جائزے کی کامیاب تکمیل پر آئی ایم ایف سے اظہار تشکر کیا۔اس کے علاوہ ریزیلینس اینڈ سسٹینیبلٹی فیسلٹی کے تحت تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا، اسحق ڈار نے کہاکہ پاکستان معاشی استحکام، اصلاحات اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آئی ایم ایف وفد نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی ایجنڈے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔
