اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈمارشل جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور سکول بس پر ہونے والے خودکش حملے میں زخمی بچوں کی عیادت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ حملے میں زخمی آٹھ بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوشش ناکام ہوگی، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچ و پشتون عوام نے دہشتگردی کو مسترد کر دیا ہے، دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کا وقت آ گیا ہے، دہشتگردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہاکہ بچوں پر حملہ بھارتی سرپرستی میں کیا گیا، بھارت کی ریاستی پالیسی کے تحت پراکسیز کا استعمال قابل مذمت ہے۔اس موقع پر موجود وفاقی وزراء نے کہاکہ بھارت خطے میں عدم استحکام کا مرکز بن چکا ہے اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔وفاقی وزراء نے کہا کہ دہشتگردی کے سہولت کاروں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
