اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن عدم اعتماد کا شوق پورا کرلے، حکومت سہاروں پر نہیں اپنے پیروں پر کھڑی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی مذاکرات چھوڑ کر گئی تھی تو ہم نے کہا تھا یہ دوبارہ اسی پلیٹ فارم پر آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ جو بھی بات ہوگی اسی پلیٹ فارم پر ہوگی لیکن اس میں این ار او شامل نہیں ہوگا، صرف عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے پر بات ہوگی۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ یہ حکومت کسی کے سہاروں پر نہیں اپنے پاوں پر کھڑی ہے، اپوزیشن عدم اعتماد کا شوق پورا کر لے۔انہوںنے کہاکہ یہ پہلے اپنی جماعت میں ووٹنگ کروا لیں کہ علیمہ خان کے زیادہ ووٹ ہیں یا بشری بی بی کے زیادہ ہیں، یہ ووٹنگ کروا لیں کہ کیا گنڈاپور گروپ کے ووٹ زیادہ ہیں یا لاہوری گروپ کے۔طلال چوہدری نے کہا کہ یہ سیاسی لوگ نہیں ہیں، سیاسی طریقے سے یہ اپنی جماعت کو نہیں چلاتے، ایک سیاسی کارکن پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنا جو بانی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نے فورا شکایت لگائی کہ چیئرمین پی اے سی کو فورا فارغ کردیں لیکن فیصلہ واپس لے لیا۔
