اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے پہلے ہی دن سے عالمی برداری میں پاکستان کا پلڑا بھاری تھا مگر پھر بھی ہم نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا،امریکی وزیر خارجہ نے 10مئی کی صبح بھارت کے سیز فائر کا کال پر بتایا،کچھ ممالک نے حملے کا پہلے ہی بتادیا تھا۔اتوارکوایک انٹرویومیں نائب وزیر اعظم اسحق ڈار نے بھارت کا حملے کی پیشگی اطلاع دینے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہاکہ مجھے نہیں پتہ کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے حملے کی پیشگی اطلاع کسے دی۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی جاری رہنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے دوبارہ کوئی ایڈونچر کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ بھارت آج تک پہلگام واقعے کا ثبوت دینے میں ناکام ہے، اس کا سارا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ پاکستان نے ایف 16بھارت سے کشیدگی کے دوران اڑایا ہی نہیں اور بھارت نے اسے مار گرانے کا دعویٰ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دیا، بھارت نے جو سفارتی اقدامات کیے ہم نے ان کا بھی جواب دیا ہے۔اسحق ڈار نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی میڈیا نے شور مچایا تھا، ہم نے مختلف ممالک کو آگاہ کیاتھا کہ ہم پہل نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ9مئی کی رات کو ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تھا جس کے بعد افواج پاکستان نے دشمن کوبھرپورجواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جھوٹ بولا تھا کہ پاکستان نے 15مقامات پرحملہ کیا۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے مختلف ممالک کوبتایا کہ ہم نے ابھی تک حملہ کیا جس پر ایک مغربی ملک نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے آپ سچ کہہ رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ سیز فائر پرعملدرآمد ہو رہا ہے اور ہم اس پر کاربند ہے تاہم اگر کسی بھی قسم کی جارحیت، شر انگیزی یا سیز فائر کی خلاف ورزی ہوئی تو ہمارا جواب بھرپور ہوگا۔اسحق ڈار نے کہا کہ پہلگام واقعہ ہوا تو کچھ ممالک نے کہا تھا کہ بھارت پنچ لگائے گا جس پر ہم نے واضح کیا تھا کہ اگر بھارت نے کچھ کیا تو ہم اس کاجواب دیں گے۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا پلڑا پہلے دن سے بھاری ہے، ہم ن یشروع سے کہا تھا کہ پہلگام پرتحقیقات کیلئے تیار ہیں۔ اسحق ڈار نے کہا کہ بھارت کو جواب دینے کا پلان ہم نے پہلے بنا لیا تھا مگر اس پر عمل درآمد نور خان ایئربیس پر حملے کے بعد کیا۔انہوں نے بتایا کہ10مئی کی صبح سوا آٹھ بجے امریکی وزیرخارجہ کا فون آیا اور انہوں نے بتایا کہ بھارت سیزفائر کیلئے تیار ہے۔ اسحق ڈار نے کہا کہ ہم عوام کی بہتری اورمعیشت کیلئے امن چاہتے ہیں اس لیے سیز فائر پر رضامندی ظاہر کی۔
