اسلام آباد(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یوم تشکر ہماری قوم کی جرات، استقامت اور افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف ہے، مادر وطن کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ہمارے جوان ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جمعرات کو اپنے پیغام میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنی خودمختاری، سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دینا ہماری افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور جذبہ شہادت کا عملی ثبوت ہے۔میں اس موقع پر پوری قوم، شہدا کے اہلخانہ، اور ان تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم ہر حال میں اپنے وطن عزیز کا دفاع کریں گے اور ہر میدان میں ترقی و استحکام کیلئے مل کر کام کریں گے۔
