اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ بیرنز نے پاکستان کی معاشی بحالی کو منی معجزہ قرار دیا ہے۔یہاں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مختصر مدت میں پاکستان کی بڑی کامیابی پر معاشی تجزیہ کار حیران ہیں۔انہوںنے کہاکہ اڑان پاکستان پر عمل درآمد جاری ہے، ٹیم پاکستان بن کر ایسی ہی کامیابیاں حاصل کریں گے جیسی دفاعی میدان میں حاصل کیں۔احسن اقبال نے کہا کہ جنگ میں تعداد اور وسائل نہیں جذبہ اور صلاحیت ضروری ہے، ترسیلات میں ریکارڈ اضافہ جاری ہے، اس سال ترسیلات زر کو 38ارب تک پہنچائیں گے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ افراط زر 40فیصد سے 2فیصد پر آ گیا ہے، پالیسی ریٹ 23فیصد سے 11فیصد پر آ گیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکنالوجی کی مدد سے برآمدات بڑھانے کے اقدامات کریں گے، پاکستانی معیشت بھرپور طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔
