اسلام آباد(این این ا ئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا ،ہم اپنے آبی حقوق کے تحفظ کیلئے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائیں گے،مجھے خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری اس آپریشنل مہارت کو بھی تسلیم کیا ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کا یوم تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ آج ہم بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی اور یوم تشکر منا رہے ہیں، میں ربِ ذوالجلال کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا، میں اس کامیابی پر پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور پوری فوجی قیادت بالخصوص چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ یہ کامیابی صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، جو دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص کی مانند کھڑے رہے۔صدرمملکت نے کہاکہ مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا۔ انہوںنے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری اس آپریشنل مہارت کو بھی تسلیم کیا جس نے دشمن کو اپنی جارحیت سے باز آنے پر مجبور کیا، ہم ثابت قدم اور متحد رہے، اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے۔صدرنے کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم، کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں،خطے میں امن اور استحکام کیلئے ہمارے عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے،ہم سندھ طاس معاہدے کی کسی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں،پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا۔صدرمملکت نے کہاکہ ہم اپنے ان بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا اور دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے،ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، میں آج یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، اور اپنی مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے چٹان کی مانند ڈٹے رہیں گے،اللہ تعالی ہمارے وطن کو سلامت رکھے، آمین!پاکستان پائندہ باد!
