اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے بھارت کو ایک بار پھر پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو ضد چھوڑ کر اب کرکٹ کھیلنی چاہیے ، بھارت پاکستان نہیں آئیگا تو پھر پاکستان بھی نیوٹرل مقام پر ہی کرکٹ کھیلے گا، پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی تحلیل ہوچکی ، امید ہے چیئرمین کرکٹ بورڈ کا الیکشن جلد ہوجائیگا۔
اسلام آباد میں سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامزد چیئرمین ذکا اشرف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مزاری نے کہا کہ بھارت کرکٹ کو سیاست کے طور پر استعمال کرتا ہے ،فٹبال ہاکی کی ٹیمیں دورہ کر سکتی ہیں تو کر کٹ کی کیوں نہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ میچز ضرور ہونے چاہیے ،بھارت کو پاکستان آکر کرکٹ کھیلنی چاہیے، اگر بھارت نیو ٹرل وینیو پر کھیلے گا تو پاکستان بھی نیو ٹرل وینیو پر کرکٹ کھیلے گا۔