اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے تمام فرنچائزز سے رابطہ کیا گیا اور انہیں اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں روکنے کا پیغام بھجوایا گیا ہے۔علاوہ ازیں مقامی کھلاڑیوں کو بھی ذہنی طور پر تیار رہنے کا کہہ دیا گیا ہے اور ساتھ انہیں پیغام دیا گیا ہے کہ ممکن ہے کہ پی ایس ایل کے لیے راولپنڈی جمع ہونا پڑے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے اور ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز راولپنڈی میں ہی کروائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق 6 سے 8 روز کی ونڈو میں پی ایس ایل کرائے جانے کا امکان ہے اور پی ایس ایل کے غیر ملکی پلیئرز اب بھی دبئی میں موجود ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت جنگ کے باعث پی ایس ایل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا تھا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پی ایس ایل کے باقی 8 میچز ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹ خوشی اور اتحاد کا ذریعہ ہے، تاہم اس وقت ایک وقفہ لینا چاہیے جب ملک ایسی سنگین صورتحال کا سامنا کر رہا ہو۔
