لاہور (این این آئی) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے حالیہ بیان نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، تاہم ان کا نقطہ نظر ذاتی نہیں لگتا بلکہ اس بیان کو سیاسی مخالفین اپنے فائدے کیلئے استعمال کر رہے ہیں، ہندوستان کے اندر خود نریندر مودی پر شدید تنقید ہو رہی ہے، پاکستان میں سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم متحد ہے۔پروفیسر ساجد میر کی وفات پراظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر سویلین کو قتل کرنے کا الزام بے بنیاد اور بلاجواز ہے، اور اس طرح کے الزامات سے وہ خود مشکوک ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اندر خود نریندر مودی پر شدید تنقید ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ہر پاکستانی وطن کے دفاع کیلئے ایک صف میں کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کے حالیہ بیان نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، تاہم ان کا نقطہ نظر ذاتی نہیں لگتا بلکہ اس بیان کو سیاسی مخالفین اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے دینی مدارس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کو سوسائٹی سے الگ نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ شوال میں دینی مدارس کے داخلے ہوتے ہیں اور اس سال اتنا زیادہ رش ہے کہ وقت سے پہلے ہی داخلے بند کرنا پڑ گئے، مدارس اب مزید داخلے لینے کی گنجائش نہیں رکھتے۔
