اسلام آباد (این این آئی)صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں روس صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،نازی ازم کے خلاف روسی عوام کی فتح عوامی طاقت، امن و خوشحالی کیلئے روس کے پختہ عزم کی مظہر ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں نازی ازم کیخلاف روسی فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے روسی ہم منصب، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ نازی ازم کے خلاف روسی عوام کی فتح عوامی طاقت، امن و خوشحالی کیلئے روس کے پختہ عزم کی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران موجودہ پاکستان کے علاقوں سے بھی بہت سے افراد نے نازی ازم کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔صدر زرداری نے اپنے 2011ء کے دور روس کو یادگار قرار دیا اور پاک روس دوستی کے فروغ میں روسی صدر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلی سطحی تبادلوں نے بہتر تعلقات اور افہام و تفہیم کی بنیاد رکھی ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان روس کو ایک اہم عالمی طاقت اور علاقائی امن و استحکام میں کلیدی عنصر کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے خطے میں بالخصوص پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں روس کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس اس صورتحال کو بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے اور کر رہا ہے۔خطاب کے اختتام پر صدر مملکت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں ممالک کے مابین مفاہمت اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہاآئیے خطے اور دنیا کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کریں۔
