اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے بھارت کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کو سیاست زدہ کرنے کی کوششں کو مسترد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹ کی بھارتی کوششوں کو مسترد کردیاہے،پاکستان پائیدار معاشی ترقی یقینی بنانے کیلئے آئی ایم ایف سے مل کر کام کرتا رہے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے پورے عزم سے کام کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف عالمی مالیاتی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے، آئی ایم ایف کی غیر جانبداری کا تحفظ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بھارت کا آئی ایم ایف پروگرام پر منفی بیانیہ سندھ طاس معاہدہ کی غیرقانونی معطلی جیسا ہے، بھارتی اقدامات اس کی بین الاقوامی قانون اور عالمی اداروں کو نظرانداز کرنے کا عکاس ہے۔ بھارتی اقدامات علاقائی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کے منافی ہیں، بھارت کا یہ رویہ خطے کے عدم استحکام کا باعث ہے۔ یہ رویہ کثیر جہتی کے اصولوں پر عمل میں بھارت کی ناکامی کو اجاگر کرتا ہے۔
