حجرہ شاہ مقیم (این این آئی )قائم مقام صدر پاکستان اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اگر کسان خوشحال ہو گا تو ملک خودبخود ترقی کرے گا، اس لیے حکومت کو زراعت اور کاشتکاروں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سجادہ نشین دربار حضرت شاہ مقیم سید اعجاز علی شاہ گیلانی کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید رضا علی گیلانی، سجادہ نشین سید اسد علی گیلانی سمیت معززین بھی موجود تھے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ اپنے برادر ان لا سید اعجاز علی گیلانی کی وفات پر تعزیت کے لیے حجرہ آئے ہیں، کیونکہ اس سے قبل وہ سرکاری دورے پر جنوبی کوریا گئے ہوئے تھے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ایک کاشتکار ہیں، اور بطور وزیرِاعظم انہوں نے زراعت کے شعبے کو بھرپور ترجیح دی، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس دور میں چینی، کپاس اور گندم کی برآمد ممکن ہوئی، اسمگلنگ کا خاتمہ ہوا اور اجناس کی امدادی قیمتیں کسانوں کے فائدے میں بہتر کی گئیں۔سندھ میں نہری پانی کی تقسیم سے متعلق بلاول بھٹو کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ “بلاول بھٹو نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اجتماعی فیصلہ ہے۔ حکومت سے علیحدگی کی بات بھی پارٹی کی متفقہ رائے کی بنیاد پر کی گئی ہے اور پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔”،انکی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔
