اسلام آباد (این این آئی)سینئر قانون دان نعیم بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان توہم پرست ہوگئے تھے وہ کہتے تھے آج کا دن، یہ راستہ اور کپڑے اچھے نہیں، وہ مردم اور عورت شناس بھی نہیں ہیں۔ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم بخاری نے کہاکہ میں پی ٹی آئی کا کارکن ہوںاور آج بھی عمران خان کو پسند کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود یہ حقیقت ہے کہ عمران خان توہم پرست ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی توہم پرستی کا یہ عالم تھا کہ وہ دن، راستے اور حتی کہ کپڑوں کے بارے میں رائے دیتے اور انہیں اچھا یا برا مانتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر میں عمران خان کا مشیر ہوتا تو مشورہ دیتا کہ انہیں القادر ٹرسٹ کی زمین کو ہاتھ بھی لگانا نہیں چاہئے تھا۔ نعیم بخاری نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مردوں کو پہچان سکتے ہیں اور نہ ہی عورتوں کو، وہ فواد چوہدری کو کیسے منتخب اور بابر اعوان کو مشیر کیسے بناسکتے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا ملکیتی ہار آپ توشہ خانہ سے کیسے لے سکتے ہیں؟ ،بطور وزیراعظم کوئی پین یا پنسل بھی تحفہ ملے تو وہ ریاست کی ملکیت ہے۔
