سیالکوٹ (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے ایک دوسرے کو چور کہنا شروع کردیا، تحریک انصاف ٹکڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے تحریک انصاف سے اقتدار حاصل کیا، جب اقتدار حاصل کیا اس وقت ہر طرف تباہی تھی، کہا جا رہا تھا ملک معاشی حالات کے باعث دیوالیہ ہوجائے گا، پی ڈی ایم کے رہنمائوں نے ملکر اس ملک کیلئے امید کی کرن پیدا کی۔خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی سوچ نہیں سکتا تھا کہ ملک میں بجلی سستی ہوگی، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کی شرح میں کمی آئی، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکل حالات سے نکالا۔وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن عروج پر تھی، پی ٹی آئی والوں کا لیڈر بین الاقوامی چور ہے، بانی پی ٹی آئی ہمارے ساتھ میٹنگ میں نہیں بیٹھتا تھا، بانی پی ٹی آئی اب سیاست کر رہا ہے کہ مجھے میٹنگز میں لیکر جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد بھی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں جن کو گھر والے بھی ووٹ نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ایک سال کے اندر ناممکن کو ممکن کر دکھایا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی لہر ہے، پاک فوج کے جوان قربانیاں دیکر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ سے پہلے عوام کو خوشخبریاں سنائیں گے۔
