واشنگٹن (این این آئی)امریکی سٹاک ایکسچینج بدترین مندی کا شکار ہوگئی جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ سرمایہ کاروں کو دلاسے دینے لگے۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درجنوں ممالک کی درآمدی اشیا پر ٹیرف عائد کرکے جس تجارتی جنگ کو چھیڑا ہے وہ خود امریکی سرمایہ کاروں کے گلے پڑ گئی،صرف 2روز میں امریکی اسٹاک ایکسچینج میں 5سال کی بدترین مندی دیکھنے میں آئی اور سرمایہ کاروں کی 60 کھرب ڈالر سے زائد رقم ڈوب گئی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سنگین صورت حال اور امریکیوں کی ناراضگی کو بھانپتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنی پالیسی کی دفاع میں آگئے۔امریکی صدر نے کہا کہ ہم اب مزید نہ بیوقوف بنیں گے اور نہ ہی بے بسی کے ساتھ تضحیک کا سامنا کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ اقتصادی انقلاب ہے، ہم امریکا میں پہلے سے کہیں زیادہ روزگار اور کاروبار واپس لا رہے ہیں اور ہم یہ جنگ جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ تھوڑا صبر کریں یہ (تجارتی جنگ)اتنی آسان نہیں ہوگی لیکن اس کا اختتام تاریخی ہوگا۔
