لاہور (این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں باہمی مثالی اعتماد سازی کی فضا خوش آئند ہے،تمام فیصلے اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔ہفتے کو لیگی رہنمائوں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی رہنماں سے مشاورت کی گئی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے حکومت کے نہروں سے متعلق فیصلے پر بیان بازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ حکومت کا خاصا ہے کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی باہمی مشاورت سے کیے جاتے ہیں، اتحادی حکومت میں باہمی مثالی اعتماد سازی کی فضا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ اتحادی حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے مکمل یکسوئی سے کام کر رہی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے مثبت ثمرات براہ راست چھوٹے طبقے کو منتقل کیے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ ملکی معیشت درست سمت میں چل پڑی، آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں گے، بجلی کی قیمتوں میں کمی اتحادی حکومت کی دن رات انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
