صوابی (این این آئی)سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سے وزیراعلی علی امین کے حالیہ بیان کی مکمل تحقیقات ، چیئرمین پی ٹی آئی کا موقف قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو چاہئے وہ اپنی تمام تر توانائیاں صوبے میں بہتر گورننس ، امن و امان کی بحالی اور عمران خان و دیگر بے گناہ اسیران کی رہائی کی جدوجہد پر مرکوز رکھیں ۔ سوشل میڈیا پر وائرل اپنے بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ ہم وزیر اعلی کے بیان کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں تاہم موجودہ حالات میں ایسی باتوں سے گریز کرنا ملک اور بانی چیئرمین عمران خان کے لیے ضروری سمجھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری ساری توجہ عمران خان اور دیگر بے گناہ قیدیوں کی رہائی پر مرکوز ہونی چاہیے غیر ضروری بیانات کے ذریعے پارٹی کے اندورنی معاملات کو ہوا دے کر عمران خان کی رہائی کی جاری جدوجہد کو کمزور نہیں کرنا چاہئے۔
