لاہور( این این آئی)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کچہ کریمنلز،خوارجی دہشتگردوں کے خلاف سپیشل آپریشنز اور شر پسند و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کیلئے مستحسن اقدامات کی روشنی میں پنجاب پولیس کی گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ کا عمل جاری ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سنگل و ڈبل کیبن بلٹ پروف گاڑیاں کچہ کریمنلز کے خلاف سپیشل آپریشنز کے دوران استعمال کی جائیں گی۔ سرحدی چوکیوں کے اہلکاروں کو خوارجی دہشتگردوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لئے پولیس وہیکلز کی بلٹ پروفنگ سے ہارڈ ایریاز کے افسران و جوانوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے وزیر اعلی پنجاب کے پولیس دوست اقدام پر تہہ دل سے شکر گذار ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی ٹی ڈی کو دہشتگردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف ریڈز کے لئے بھی بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاری مجرمان اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایکشن کے لئے بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔اسی طرح سپیشل برانچ کے ملازمین کو رپورٹنگ و دیگر حساس امور کی انجام دہی کے لئے بلٹ پروف گاڑیاں دی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پولیس وہیکلز کی بلٹ پروفنگ سے دہشت گردوں، شر پسنداور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ بلٹ پروف گاڑیوں کی مدد سے کچہ کے ڈاکوں، سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف نتیجہ خیز کارروائیوں میں مدد ملے گی۔
