لاہور ( این این آئی)تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی نیک شگون ہے مگر کیا ہی اچھاہو کہ آڈٹ کے ذریعے آئی پی پیز کی طرف سے مچائی گئی لوٹ مار کا حساب بھی لیا جائے اور غریبوںکی جیبوں سے نکالی گئی ہزاروں ارب روپے کی رقم عوام کو بلوں کی صورت میں واپس کی جائے ۔ اپنے بیان میں اختر اقبال ڈار نے کہاکہ تحریک انصاف نظریاتی نے ہمیشہ مہنگی بجلی کے خلاف آواز بلند کی ہے اور آئی پی پیز جیسے غلیظ معاہدوں کے خلاف سپریم کورٹ میں رٹ دائر کررکھی ہے جس کی آج تک شنوائی نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے کہاکہ 3ہزار696ارب کی بچت اور 600ارب روپے کی بجلی چوری بند کرنے کی باتیں مثبت اشارے ہیں لیکن سرمایہ کاری پاکستان آنے اور برآمدات بڑھانے کیلئے پر امید حکمران پہلے اپنا سرمایہ پاکستا ن لے کر آئیں اور پھر اس عمل کو ہر محب وطن پاکستانی سراہے گا اور قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔انہوں نے کہاکہ حکمران دیگر آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں عوام سے ہونے والی زیادتی او ر لوٹ مار کو بھی بند کریں ۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی این کی آئی پی پیز معاہدوں کے بارے میں دائر رٹ جلد سماعت کیلئے مقرر کرکے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے عوام کو انصاف مہیا کریں۔
