لاہور (این این آئی)لاہور کی مقامی عدالت نے مبینہ فراڈ کیس میں اداکارہ نازش جہانگیر کے پیش ہوجانے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے۔ 2017 میں بطور اداکارہ اپنے کرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ نازش جہانگیر کا شمار پاکستان کی خوبصورت اور باصلاحیت اداکاراں کی فہرست میں ہوتا ہے۔نازش جہانگیر کے مشہور ڈراموں میں عشق وے، شکار، تیری بے حسی،انعامِ محبت، جن زادہ،بے رخی، دل تنہا تنہااور سراب شامل ہیں۔تاہم اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے قانونی مشکلات کا شکار ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسود ہارون نامی ابھرتے ہوئے اداکار سے فراڈ کرکے پیسے اور گاڑی بٹوری اور واپس نہیں کی۔اسی کیس کے سسلسلے میں لاہور کے علاقے کینٹ کی کچہری عدالت کے میجسٹریٹ غلام شبیر سیال نے 21 مارچ کو اداکارہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 22 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔تاہم اداکارہ اگلے روز خود ہی عدالت پیش ہوگئیں، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔نازش جہانگیر اپنے وکیل بیریسٹر حارث کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں اور انہوں نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔عدالت نے آئندہ ماہ 28 اپریل تک کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
