اسلام آباد (این این آئی)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین نے سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپس کی بداعتمادی کو ختم کرنا ہوگا ،میرے لوگ دہشتگرد نہیں ہیں، وہ افغانستان سے آرہے ہیں۔منگل کو علی امین گنڈا پور نے قومی سلامتی کمیٹی کو خیبرپختونخوا کی داخلی و خارجی صورتحال سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کرسی کی پروا ہ نہیں سچی کھری بات کروں گا،میرے لوگ دہشتگرد نہیں ہیں، دہشتگرد افغانستان سے آرہے ہیں ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپس کی بداعتمادی کو ختم کرنا ہوگا، صوبے میں سیکیورٹی مسائل موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کو مکمل وسائل فراہم نہیں کئے گئے، بارہا وفاق سے یہ معاملہ اٹھایا ہے۔
