اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ الحمد للہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر چل نکلا ہے۔شملہ پہاڑی علاقے میں پارٹی کارکن گڈو شاہ کی وفات پر اہلخانہ سے تعزیت اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ گڈو شاہ محنتی اور ایماندار کارکن تھے، انہوں نے پارٹی کیلئے بہت خدمات انجام دیں۔ انہوںنے کہا کہ الحمد للہ، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر چل نکلا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں مکمل طور پر امن قائم نہیں ہوگا ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ترسیلات زر 13.1ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جو خوش آئند بات ہے، اسی تیزی سے ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی شعبہ سے منسلک اداروں کی کارکردگی اور معاملات تسلی بخش ہیں، شہباز شریف کی قیادت میں مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی جیسے اقدامات عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے نمائندے ہیں اور ان کی خدمت کرنے آئے ہیں، ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہے اور منزل کو حاصل کرنا ہے۔
