دبئی(این این آئی)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025کے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44رنز سے شکست دے دی،بھارتی ٹیم کے 250رنزکے ہدف میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 205رنزپرآل آئوٹ ہوگئی جبکہ عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر بھارتی کھلاڑی ورون چکرورتی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اتوارکودبئی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی میں گروپ اسٹیج کے بارہویں اور آخری میچ میں بھارت کی جانب سے دئیے گئے 250رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 45اعشاریہ 3اوورز میں 205رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔دونوں ٹیمیں دبئی اسٹیڈیم میں مدمقابل تھیں، جہاں یہ میچ ٹورنامنٹ میں صرف ایک رسمی کارروائی تھا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 81رنز بنا کر نمایاں رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں 7چوکے لگائے، مچل سینٹنر28، ول ینگ 22اور ڈیرل مچل نے 17رنز بنائے۔ٹام لیتھم 14اور گلین فلپس 12رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ راچن رویندرا 6، مائیکل بریسویل اور میٹ ہینری 2، 2رنز بنا سکے۔بھارت کے ورون چکرورتی نے 42رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہاردیک پانڈیا، اکشر پٹیل اور رویندرا جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کروانے کا فیصلہ کیا تھا، میچ میں نیوزی لینڈ کی فیلڈنگ شاندار رہی، جس کی وجہ سے بھارت بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا تھا اور مقررہ 50اوورز میں 9 وکٹوں پر 249رنز بنائے تھے۔اننگز کے آغاز میں بھارت کا ٹاپ آرڈر ناکام ہوگیا تھا اور ابتدائی 3وکٹس 6.4اوورز میں 30رنز پر گر گئیں تاہم اسکے بعد شریاس آئیر نے 79رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور انکا ساتھ 42رنز بنانے والے اکشر پٹیل نے دیا۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں پانڈیا نے ذمہ دارانہ 45رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 249کے ہندسے تک پہنچایا۔ دیگر بھارتی بیٹرز میں ایل راہول 23، رویندرا جڈیجا 16، کپتان روہت شرما 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی 11، محمد شامی 5، شبھمن گل 2اور کلدیپ یادیو نے ایک رن بنایا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 5وکٹیں حاصل کی تھیں۔ مچل سینٹنر، ول او رورکے، کائیل جیمیسن اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ لی۔ عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر ورون چکرورتی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
