لاہور( این این آئی)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ بی میں افغانستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے ختم کر دیا گیا ، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا، آسٹریلیا نے گروپ بی سے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے دوسری ٹیم کا فیصلہ آج ہفتہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچ کے بعد ہوگا ،گروپ اے میں بھارت اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکے ہیں ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں آسٹریلیا اور افعانستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دسویں میچ میں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیااور ساری ٹیم مقررہ 50 اووروں میں 273 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی ۔صدیق اللہ اتل 95گیندوں پر 3 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 85 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے ۔رحمن اللہ گرباز، ابراہیم زادران نے اوپننگ کی تاہم 3 کے مجموعی سکور پر رحمن اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے جانسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں صدیق اللہ اتل 85، عظمت اللہ عمر زئی 67 ، ابراہیم زادران22،کپتان حشمت اللہ شاہدی 20 ، راشد خان 19 ، رحمت شاہ 12، نور احمد 6 ، گلبدین نائب 4 ، محمد نبی ایک سکور بنا کر آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشوز نے 3 ، اسپینسر جانسن اور ایڈم زامپا نے 2،2 ، نیتھن ایلِس اور گلین میکسویل، نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ 274 رنز کے ہدف حصول کے لئے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 12.5 اووروں میں ایک وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے تو بارش کی وجہ سے میچ کو روکنا پڑا ۔آسٹریلیا نے جارہانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ پہلی وکٹ پانچویں اوور کی تیسری گیند پر گری جب میتھیو شارٹ 20 رنز بنا کر عظمت اللہ کی گیند پر گلبدین نائب کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے ۔ ٹریوس ہیڈمارنس اور کپتان اسٹیو اسمتھ نے شاندار بیٹنگ کی 40 گیندوں پر 59 اور اسٹیو اسمتھ 22 گیندوں پر 9 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ افعانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔ شدید بارش شروع ہونے پر میچ روک دیاگیا اور مقررہ وقت تک میچ کا آغاز نہ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا جس کے بعد آسٹریلیا کے چار جبکہ افغانستان کے تین پوائنٹس ہو گئے ہیں ۔اگلے میچ میں اگر جنوبی افریقہ انگلینڈ کو شکست دیتا ہے تو وہ 5 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہو جائے گا تاہم انگلینڈ کے جیتنے کی صورت میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے تین، تین پوائنٹس ہوں گے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا، افغانستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.99 ہے جس کے بعد ان کے سیمی فائنل میں رسائی انتہائی مشکل ہوگی کیونکہ اسے کوالیفائی کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کو کم از کم 301 رنز کے تعاقب میں 207 رنز سے ہارنا ہو گا۔
