کوہاٹ(این این آئی)ضلع کرک کے مختلف شہری و دیہی علاقوں میں لشمینا کے موذی مرض نے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افرادکو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر پشاور سے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیمیں پیرکوپہنچ جائیں گی۔
باخبر ذرائع کے مطابق ضلع کرک کے متعدد علاقوں میں لشمینا مرض سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد بری متاثر ہورہے ہیں اور دن بدن مریضوں کی تعدادمیں اضافہ ہوتاجارہا ہے اور مرض بڑھتا جارہا ہے۔
اس ضمن میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم رحمت سلام خٹک نے ضلع کرک میں لشمینا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو پشاور سے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیمیں بھیجنے کی ہدایت کی ہے جو ممکنہ طورپر پیر سے مختلف علاقوں میں پہنچ جائیں گی۔
باخبرذرائع کے مطابق تحصیل بانڈہ داؤدشاہ میں سول ہسپتال بانڈہ داؤدشاہ‘ دیہی صحت مرکز گرگری اوربہادر خیل‘ تحصیل تحت نصرتی میں سول ہسپتال تحت نصرتی‘ دیہی صحت مرکزچوکارہ جبکہ تحصیل کرک میں دیہی صحت مرکز جندری میں ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیمیں بھیجی جارہی ہیں۔