واشنگٹن (این این آئی )امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی امریکہ کی ٹرمپ انتطامیہ کی اہم ترجیح ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے بعد ‘ایکس’ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کیا ۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا جب معاملہ مشرق وسطی میں ہم دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کا ہو اور سلامتی سے متعلق امور ہوں یا بحیرہ احمر میں آزادانہ اور محفوظ تجارتی نقل و حمل کا معاملہ ہو تو ان تعلقات کی اہمیت اور بھی زیادہ ہے۔ترجمان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے حوثیوں کی طرف سے علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے اور اس امر کو اجاگر کیا کہ دونوں ملکوں کو حوثیوں کے خلاف اکٹھے ہو کر کھڑا ہونا چاہیے۔مارکو روبیو نے ‘ ایکس ‘ پر لکھا میں نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات میں باہمی تعلقات اور شراکت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ نیز انہیں بتایا ہے کہ دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی ٹرمپ انتظامیہ کی اہم ترجیح ہے۔سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور وائٹ ہاس کے سیکیورٹی ایڈوائزر مائیک والٹز سے بھی اس سے پہلے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔پیٹ ہیگستھ نے اپنے سعودی ہم منصب کے لیے کہا ‘ میرے اچھے دوست ‘ ان کا کہنا تھا ٹرمپ انتطامیہ اور سعودی عرب فروغ امن ، خوشحالی اور ترقی کے لیے مل کر کھڑے ہیں۔ ‘
