اسلام آباد (این این آئی)ترجمان موٹروے پولیس نے موٹروے پر 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر جرمانے، اندراج مقدمہ اور گاڑی ضبطگی بارے آگاہ کردیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 3لین والی موٹرویز پر کار کی رفتار کی حد 120کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، پبلک سروس گاڑیوں کیلئے رفتار کی حد 110کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ موٹروے پر 150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زائد تیز چلائی جانیوالی گاڑی ضبط کرلی جائیگی جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کیساتھ ساتھ جرمانہ بھی ہوگا۔ترجمان نے بتایا کہ آئی جی موٹروے پولیس کی ہدایات پر تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے، قومی شاہرائوں پر تیز رفتار گاڑیوں کی نگرانی کوموثر بنایا جارہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ حادثات سے بچائو کے لئے موٹرویز پر حفاظتی باڑ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔
