اسلام آباد(این این آئی)پی ٹی آئی کے احتجاج میں مبینہ طور پر مظاہرین سے جارحانہ سلوک پر مستعفی ہونے والے افسر پیر سلیمان شاہ راشدی کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق انفارمیشن گروپ گریڈ 18کے افسر پیر سلیمان شاہ راشدی کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔اس حوالے سے وزارت اطلاعات نے پیر سلیمان شاہ راشدی کا سول سروس سے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔خیال رہے کہ پیر سلیمان شاہ راشدی نے نومبر 2024میں اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کے تناظر میں مظاہرین سے سلوک پر استعفیٰ دیا تھا۔وزارت اطلاعات کے ذرائع کے مطابق پیر سلیمان شاہ راشدی کا جھکاو ابتدا سے پی ٹی آئی کی جانب رہا تھا جبکہ ان کی حالیہ الیکشن میں عمران کے حق میں ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔واضح رہے کہ پیر سلیمان شاہ راشدی نے نومبر 2024میں تحریری استعفیٰ سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات کے نام لکھا تھا۔جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملک میں جاری ابتر حالات سے شدید مایوس ہوکر وہ سول سروس سے استعفیٰ دیتاہوں۔بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا استعفے کی منظوری کا نوٹی فکیشن بھی شیئر کیا۔پوسٹ میں انہوںنے کہاتھاکہ الحمداللہ! میرا استعفیٰ منظور ہوگیا، میں اب آزاد ہوں، شکریہ عمران خان مجھے مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے اور ظالم سے راہیں جدا کرنے کی ترغیب دینے کیلئے۔
