اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کوئی میچ جیتے بغیر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے پر شہباز شریف نوٹس لیں گے جبکہ بورڈ میں لوگ اپنی طاقت سے آنے کے بعد من مرضی کرتے ہیں، یہاں 50،50لاکھ تنخواہیں لینے والے مینٹورز کچھ نہیں کرتے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے راناثناء اللہ نے کہاکہ کرکٹ بورڈ ایک آزاد ادارہ ہے اور ان کا جو دل کرے وہ کرسکتا ہے لیکن بورڈ اور ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر میری ذاتی رائے ہے کہ میں وزیراعظم سے استدعا کروں گا کہ اس پر پارلیمنٹ اور کابینہ میں بحث ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ کسی ایک چیئرمین کی بات نہیں ہے یہ ایک سلسلہ ہے، پچھلے 10سال آپ دیکھ لیں کہ وہاں کیا ہوتا رہا ہے، نچلی سطح پر کلب یا ڈسٹرکٹ لیول کی کرکٹ پر کیا پیسہ خرچ ہورہا ہے اور اوپر کے لیول پر کتنے اور کس قسم کے اخراجات ہورہے ہیں۔راناثناء اللہ نے کہاکہ 50، 50 لاکھ کے مینٹور بنادئیے گئے اور انہیں خود میڈیا میں یہ کہتے ہوئے سناگیا ہے کہ ہمیں پتہ ہی نہیں ہمارا کام کیا ہے، یعنی کام نہ کرنے کے 50لاکھ روپے ماہانہ دئیے جارہے ہیں، اس کے علاوہ دیگر ذمہ داران کو ملنے والی مراعات کو دیکھیں تو پتہ نہیں چلتا کہ یہ پاکستان ہے یا پھر یورپ کا کوئی ترقی یافتہ ملک ہے۔
