دبئی (این این آئی)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دونوں میچوں میں ناکامی کے باوجود قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں بابراعظم نے بھارت کے خلاف 23 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ہاردک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ایل راہل کو کیچ دے بیٹھے تاہم اس دوران بابراعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا، وہ پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ایونٹس میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔بابراعظم نے سابق جارح مزاج اوپننگ بلے باز سعید انور سے آئی سی سی ون ڈے ایونٹس میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بھی چھین لیا۔پاکستانی بلے باز نے آئی سی سی ٹورنامنٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کے لیے 24 اننگز کا سہارا لیا جب کہ سعید انور نے 25 اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔بابراعظم اور سعید انور سے پہلے لیجنڈری بیٹر جاوید میانداد بھی ون ڈے انٹرنیشنل میں آئی سی سی ٹورنامنٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرچکے ہیں، انہوں نے 30 اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
