اسلام آباد (این این آئی)وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ ملاقات میں سعودی وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر حمد محمد الشیخ بھی شریک تھے، جبکہ پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے شرکت کی۔ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ اور مشترکہ خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا اور اس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے خزانہ نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور مالیات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی مواقع کی راہ ہموار کرنے کے لیے مسلسل رابطے اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
