لاہور ( این این آئی)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا محفوظ پنجاب ویژن کی تکمیل میں پنجاب پولیس کا خطرناک عادی و اشتہاری مجرمان کی خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں سنگین وارداتوں میں مطلوب 16 ہزار 290 اشتہاری مجرمان گرفتارکیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق، گرفتار اشتہاریوں میں اے کیٹیگری کے 5055 اور بی کیٹیگری کے 11235 اشتہاری شامل ہیںجبکہ پنجاب پولیس نے 06 ہزار 690 عدالتی مفرور بھی گرفتار کئے ہیں۔ گرفتار مجرمان میں اے کیٹیگری کے 1255 اور بی کیٹیگری کے 5435 عدالتی مفروران شامل ہیں۔ دوران آپریشنز 3820 ٹارگٹ آفینڈرز (عادی مجرم) بھی گرفتار کیے گئے جس میں اے کیٹیگری کے 1595 اور بی کیٹیگری کے 2225 ٹارگٹ آفینڈرز شامل ہیں۔سنگین جرائم میں مطلوب 06 اشتہاری مجرمان کو بیرون ملک سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال صوبائی دارلحکومت لاہور میں 3440 سے زائد اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے۔2815 عدالتی مفرور اور 1680 سے زائد ٹارگٹ آفینڈرز (عادی مجرم) شامل ہیں۔گذشتہ سال 01 لاکھ 40 ہزار سے زائد اشتہاری، 67825 عدالتی مفرور اور 36491 ٹارگٹ آفینڈرز (عادی مجرم) گرفتار کیے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کامیاب کاروائیوں پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی اور کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا ۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ موثر تفتیش سے مقدمات کو جلد مکمل کرتے ہوئے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز خطرناک مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔
