لزبن(این این آئی)صدرآصف علی زرداری نے پرتگال کے صدرمارسیلوریبیلوڈی سوساسے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون بڑھانے،ثقافتی اور عوامی سطح پر تعلقات فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔منگل کوصدر مملکت آصف علی زرداری نے پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا سے صدارتی محل میں ملاقات کی ۔ صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا نے صدارتی محل آمد پر صدر آصف علی زرداری کا پرتپاک استقبال کیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیااورمختلف شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہاکہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور پرتگال کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات ہیں۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون بڑھانے،ثقافتی اور عوامی سطح پر تعلقات فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقا ت میں صدرآصف علی زرداری نے پرتگال کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور کہاکہ پرتگال کے صدر کے دورے سے دوستی کا بندھن مزید مضبوط ہوگا، تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ سال 2025میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 75سال مکمل ہو گئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔
